ملتان؛ کمشنر انجینئر عامرخٹک سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز افسران کے وفد کی ملاقات

30

ملتان، 13اگست (اے پی پی ): 50ویں کامن و46ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز افسران کے وفد نے کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک و انتظامی افسران سے ملاقات کی ہے ۔

کمشنر عامر خٹک نے ڈویژن کے انتظامی امور،ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کورسز افسران کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،اپنے کیرئیر کے دوران ایمانداری سے کام کرنا ہی افسران کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس کے دوران محدود وسائل سمیت متعدد مسائل، چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینا اچھے افسر کی نشانی ہے۔

 عامر خٹک نے کہا کہ انکو ملتان میں بہتریں ٹیم ملی،تمام محکموں کے سربراہان محدود وسائل میں بھی مسائل حل کرنے بارے کوشاں ہیں،ڈویژن کی ترقی و خوشحالی کےلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں اہم چوکوں کی اپ گریڈیشن،داخلی خارجی راستوں کی سجاوٹ کا کام جاری ہے۔ شجرکاری مہم میں لگائے درختوں، پودوں کی حفاظت کا میکنزم بھی بنایا گیا ہے،ویسٹ  منیجمنٹ  کیلئے مستقل لینڈ فل سائٹ کی تلاش جاری ہے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ تجاوزات،غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ، وال چاکنگ ، قبضہ مافیا ، گراں فروشی ، ذخیرہ اندوزی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، واسا کی ریکوری میکنزم کو بہتر بنا کرمحکمے کے مسائل کا سدباب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے،مقامی چیزوں  کی بیرون ملک ترسیل کو ترجیح دینا ہوگی۔ملکی ترقی کے لئے گراس روٹ لیول کے منصوبے بنانے کی ضرورت ہے۔

46ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے وفد کی جانب سے کمشنر ملتان کو سوئنئر دیا گیا جبکہ کمشنر عامر خٹک نے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع  پر ڈی سی ملتان عمر جہانگیر ،ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد،اسسٹنٹ کمشنرز، ترقیاتی محکموں کے افسران موجود تھے۔