نوشہرہ ورکاں میں انسداد سموگ سکواڈ قائم کر دیا گیا جو سموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گا

26

نوشہرہ ورکاں، 09 اگست( اے پی پی): وزیر اعلی  پنجاب کی ہدایت پر نوشہرہ ورکاں میں بھی انسداد سموگ سکواڈ قائم کر دیا گیا ہے جو سموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گا۔  اس کے ساتھ ساتھ  چیف آفیسر میونسپل کمیٹی  نوشہرہ سدرہ ڈار کی قیادت میں آگاہی بسلسلہ سموگ  واک کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد شہریوں کو شعور دینا ہے کہ وہ ایسی تمام  ایکٹویٹی سے اجتناب کریں جو سموگ کا باعث بنتی ہیں۔  واک میں MC اہلکاروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی ، شرکاء نے بینزز اٹھا رکھے تھے جن پر ان عوامل کا ذکر تھا جس سے سموگ بنتا ہے  اور ان سے بچاؤ کے اقدامات بارے آگاہی دی گئی تھی ، ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آفیسر کا کہنا تھا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں، ٹرانسپوٹرز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو روڈ پہ نہ لے کر آئیں اور تاجر حضرات گتے اور دیگر پلاسٹک کی اشیاء کو آگ لگانے کی بجائے ڈسٹ بن میں ڈالیں ، سموگ کا باعث بننے والے اقدامات اٹھانے والے شہریوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔