لاہور، 25اگست(اے پی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلی آفس میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ (Ms. Jane Marriott OBE) نے ملاقات کی -وزیر اعلی محسن نقوی نے پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا -ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،برطانیہ اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، صحت،ثقافت،افسروں کی ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ سانحہ جڑانوالہ اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی- وزیر اعلی محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا،پنجاب حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان سمیت دیگر شر پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔5چرچ بحال کر دئیے گئے ہیں جبکہ دیگر گرجا گھروں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چرچ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا اور متاثرین کے لئے 20لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری دی گئی اور60سے زائد متاثرین کو مالی امداد دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلم سکالرز نے مسیحی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاہے اورہم ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ زراعت کی ترقی خصوصاسیڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے برطانوی معاونت کا خیرمقدم کریں گے۔برطانوی ہائی کمشنرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ پرپنجاب حکومت کے بروقت اور مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیراطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، برطانوی پولیٹیکل قونصلرژوئے ویئر(Ms. Zoe Ware)، پنجاب میں برطانیہ کی نمائندہ کلارا سٹرنڈھوج(Ms. Clara Strandhoj)اور پولیٹیکل ایڈوائزر طلال رضابھی اس موقع پر موجود تھے –