چنیوٹ،05اگست(اے پی پی):یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کی، ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم، بینرز و کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، چنیوٹ کی فضا بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم اور کشمیر کی آزاد حیثیت کے خاتمے کے خلاف عالمی برداری فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا ہے۔پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خود اختیاری کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ ہم کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں پچھے نہیں ہٹیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کا کہنا تھا کہ کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھے کراچی سے خیبر تک پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ یوم استحصال منانے کا مقصد بچوں میں حریت کو جگانا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جدوجہد ازادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، او آئی سی کے اہم رکن ممالک متنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزالطاف حسین انصاری،طلحہ سعید، اسسٹنٹ کمشنراشفاق احمد۔ سی او ایجوکیشن ڈاکٹر ظفر اقبال،سی او ہیلتھ ڈاکٹر طارق سہیل، سی او ضلع کونسل ملک ظفر کھوکھر،سی او ایم سیز وقاص ہرل،محمد فیصل چوہدری، ڈی او ایجوکیشن سیکنڈری ڈاکٹر خادم حسین، ڈاکٹر روہینہ گل و دیگر لائن ڈپارٹمنٹس کے افسران، اساتذہ کرام، طلباء سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام مختلف سکولوں میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینارز منعقد کروائے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں اساتذہ کرام، معلمات، طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔











