“ڈیجیٹل نارووال” ایک ایسی بنیاد ہے جس کے نتیجے میں فری لانسر لاکھوں ڈالرز کمائیں گے؛وفاقی وزیر احسن اقبال

17

نارووال،06اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل نارووال ایک ایسی بنیاد ہے کہ جس کے نتیجے میں یہاں کے فری لانسر لاکھوں ڈالرز کمائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ای۔لائبریری نارووال میں منعقدہ “ڈیجیٹل نارووال” کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال  نے کہا کہ کل سے میں نارووال میں مختلف ایسی تقریبات میں شامل ہوں جن کا محور آپ نوجوان ہیں، کل گزشتہ 4سالوں سے التوا کا شکار رہنے والا یونیورسٹی آف نارووال کا پہلا کانووکیشن منعقد ہوا اور میرے پڑھے لکھے نارووال کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، آج ہم نے ضلع بھر کے ہونہار طلبہ میں شفاف میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور یہ ہماری میرٹ پسندی کی پالیسی ہے، میرٹ پر تقریر کرنا بہت آسان بات ہے، یہ لیپ ٹاپ سکیم ہمارے نوجوانوں کی قابلیت کو تسلیم کرنے کا عمل ہے، ہماری حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے لیپ ٹاپ سے لاکھوں طلبہ پاکستان کے لئے فری لانسنگ کے فیلڈ میں کارہائے نمایاں سر انجام دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں ہمارے طلبہ بھی اپنا لوھا منوا سکتے ہیں، میں بہاولپور کے ایسے نوجوان کو جانتا ہوں جو دن کو ٹیکسی چلاتا اور رات کو آن لائن کورسسز کرتا تھا اور آج فری لانسنگ کی دنیا میں وہ ایک کمپنی کا مالک ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بہت ساری نوکریاں ختم ہو جائیں گی اور دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے ان پیشوں کی جگہ نئی اور جدید ٹیکنالوجی لے لے گی،اس لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی کی اس جدید دنیا میں مقابلے کے لئے تیار کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر آپ پڑھے لکھے ہیں مگر آپ کے پاس آئی ٹی سکلز نہیں تو آپ نئے چیلنجز کے لئے تیار نہیں ہیں، ہمارا عزم ہے کہ ہم نارووال کو سیلیکون ویلی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کیمپس میں کوانٹم کمپیوٹنگ سینٹر بنانے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے دور میں التوا کے شکار منصوبے آج دوبارہ سے شروع ہو گئے ہیں، ہم آپکو مرغی اور انڈوں یا کٹے دینے کی بجائے آئی ٹی سکلز دے رہے ہیں تاکہ آپ اکیسویں صدی میں کامیاب ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے اس دور میں ٹیکنالوجی کو اپنی مرضی سے چلانا چاہیئے، ناکہ ٹیکنالوجی ہمیں سوشل میڈیا کے منفی اثرات کی طرف لے جائیں، سوشل میڈیا پر ملنے والی انفارمیشن کو سوچ سمجھ اور تصدیق کے ساتھ سنیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کو امن کہ ضرورت ہے،انتشار پھیلانے سے تباہی تو ممکن ہے مگر ترقی نہیں آتی، ہمیں نفرت کی طرف بلانے  والی آوازوں پر دھیان نہیں رکھنا چاہیئے۔خدا تعالی نے ہمیں شعور دیا ھے اس لئے ہمیں اپنے اس شعور کو بیدار بھی رکھنا چاہیے۔ انہوں  نے کہا کہ آپ نوجوان نارووال کا برینڈ ہیں، اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں اور اپنے برینڈ کو بہتر بنائیں تاکہ دنیا یہ کہے کہ پاکستان محنتی اور دیانتدار ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چوھدری محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروفیسر احسن اقبال چودھری کے ویژن کے مطابق ڈیجیٹل نارووال پروگرام کے تحت نارووال کے پڑھے لکھے طلباء و طالبات کو تین ماہ اور ایک سال کی مدت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹریننگ کورسسز کروائے جائیں گے اور ان بچوں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ دور حاضر کی ماڈرن ڈیجیٹل مارکیٹ میں ماہر ڈویلپرز کی حیثیت سے حصہ لیں، اور سمارٹ جاب کے بے پناہ مواقع سے فائدہ حاصل کریں۔