ڈیرہ غازی خان:پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جنوبی پنجاب میں کارروائیاں جاری

32

ڈیرہ غازی خان، 03 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خوراک کے معیار کو بہتر بنانےکے لیے جنوبی پنجاب میں کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرخوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں  کنال روڈ،جام پور روڈ اور ہسپتال چوک ڈی جی خان میں واقع 3بیکریوں کو خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزا کی ملاوٹ کرنے، کھانے پینے کی اشیا کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 31ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔اس کے علاوہ طاہر کالونی کوٹ مٹھن راجن پور میں آئل فیکٹری کو برف کے بلاکس میں مردہ مکھیاں پائے جانے،فلٹر تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے پر 10ہزار روپے  جرمانہ کیا گیا ۔اسی طرح کے ایل پی روڈ فائیو سٹار پمپ کے قریب اورکنجو چوک بہاولپور میں 2ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں گلی سڑی سبزیوں کا استعمال کرنے پر 30ہزار جبکہ موٹر وے انٹر چینج بہاولپور میں ڈیری پروڈکشن یونٹ کو گندے فریزر میں مردہ مکھیاں پائے جانے،ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکٹس نہ ہونے پر 12ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ٹبہ کریم آباد،تیمور کالونی خان پور رحیم یار خان میں 2ڈیری یونٹس کو دودھ میں مردہ مکھیاں پائے جانے اور پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار پر 30ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں وڑائچ پٹرولیم صادق آباد میں سپر سٹور کو ایکسپائرڈ مصالحہ جات کی فروخت پر15ہزار روپے جرمانہ کیا ۔