سکھر؛ یوم دفاع کے حوالے سے پروقار تقریب،پرچم کشائی کی گئی

24

سکھر،06ستمبر(اے پی پی):ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس سلسلے میں صبح سرکٹ ہاؤس گراونڈ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی پرچم کشائی کی گئی۔

تقریب میں تمام سرکاری اداروں کے افسران ،سرسو کے سربراہ محمد ڈتل کلہوڑواور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ملک کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ 6 ستمبر کوئی عام دن نہیں ہے ، اس دن ہمیں ایک قوم بننے کا موقع ملا۔ہمارا سلام غازیوں کو، ہمارا سلام ان کی ماؤں بہنوں کو جنہوں نے ایسے بچوں کو جنم دیا اور ان کے دلوں میں جذبہ پیدا کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی کلہوڑو نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط سلامتی کے لیے قوم کے ہر طبقے کے افراد کو اپنے کردار کے ساتھ ساتھ تربیت کو بھی بہتر بنانا ہوگا تاکہ کوئی بھی عددی برتری کا حامل دشمن پاکستان کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیارے وطن کو اب کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،اس دن ہمیں قومی جذبے، اتحاد، سچائی اور دیانت کا مظاہرہ کرنے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہم خود کو زندہ قوم ثابت کر سکیں۔