کوئٹہ 12ستمبر( اےپی پی): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراءکا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری پر امن ماحول کا قیام ہے جبکہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد لئے الیکشن کمیشن کو معاونت کی فراہمی بھی ہماری ذمہ داری ہے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کابینہ میں شامل تجربہ کار لوگ انکی ٹیم کا حصہ ہیں وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو اپنے مینڈیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دینا ہوں گی ہمارے مینڈیٹ میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ گورننس کی بہتری بھی شامل ہے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزراءاپنے اپنے محکموں کی گورننس اور کارکردگی کو بہتر بنائیں اور اپنے محکموں کی کارکردگی کی نگرانی کرتے ہوئے انہیں بھی باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ ارسال کریں اور وزراءاپنے دروازے عام لوگوں اور سائلین کیلئے کھلے رکھیں اور کوشش کریں کہ ان کے مسائل حل ہوسکیں۔











