اسلام آباد،11ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے عہدہ کی آئینی مدت پوری ہو چکی ہے، اس لئے وہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے، انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے۔
پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو صدر مملکت کے عہدہ کی مدت ختم ہو چکی ہے، اس لئے وہ عبوری مدت کے دوران الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے، الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 44 کے تحت نئے صدر کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، مدت ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر عارف علوی روزمرہ کے معاملات ہی انجام دے سکتے ہیں، آئین کے تحت صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کا پابند ہوتا ہے، انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور حکومت صدر کے احکامات ماننے کے پابند نہیں ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی آ رہی ہے، غیرملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، معیشت جب بہتر ہوتی ہے تو تحریک انصاف ملک کو غیرمستحکم کرنے کی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی مفاد کی خاطر معیشت اور پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے، یہ سب کچھ وہ صرف اپنے بیانیے کے لئے کر رہے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کے ثمرات کے حوالے سے بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئے صدر کے انتخاب تک صدر اس لئے عہدہ پر رہتا ہے تاکہ روزمرہ کے ریاستی امور میں کوئی خلل نہ پڑے، اس لئے اس مدت کے دوران وہ الیکشن کی تاریخ کیسے دے سکتے ہیں۔











