قصور؛پولیس کے زیر اہتمام انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

28

قصور،13ستمبر(اے پی پی ) :قصور پولیس کے زیر اہتمام انسداد منشیات کے حوالے سے ڈی پی ایس سکول میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔آگاہی سیمینار میں ڈی پی اوقصور طارق عزیز سندھو،پولیس افسران،ڈی پی ایس سکول کے پرنسپل، اساتذہ کرام اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

ڈی پی او قصور نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں منشیات کے خاتمہ کیلئے سپیشل مہم کا آغاز کیا گیاہے‘اس سلسلہ میں سکولزو کالجز میں سیمینارز اور آگاہی واکس کا اہتمام کیا جار ہا ہے جس کا مقصد طلباءکومنشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مضمرات سے خبردارکرنا ہے۔

ڈی پی او قصور نے کہا کہ منشیات نسلوں کو تباہ کر دیتی ہے‘ انسدا د منشیات کے لیے عملی اقدامات کیے جار ہے ہیں‘ منشیات فروشی کے مکرہ دھندہ میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے،نوجوان نسل میں منشیات کا زہر اتارنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے،معاشرے کے تمام طبقات، اساتذہ کرام منشیات کا مکمل خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو اس لعنت سے بچائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں،نشے کے عادی افراد کو انسداد منشیات سنٹرز،ہسپتالوں میں داخل کروایا جا رہا ہے، اس موقع پر طلباء نے انسداد منشیات کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔