لاہور،14ستمبر (اے پی پی):امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا ہے کہ شاہی قلعہ لاہور کے درودیوار میں نقش مختلف نقاش نگاری ایک شاندار ثقافتی ورثے، تعمیراتی ہنر، مذہب، تاریخ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے دور کی متاثر کن عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کوتاریخی شاہی قلعہ لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کی بھرپور تاریخ اور ثقافت کے بارے میں اس وقت سنا تھا جب میں یہاں تعینات تھی اور آج مجھے اس تاریخی اور ثقافتی ورثہ کے جادوئی مناظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کاموقع ملا ہے جو کہ میرے لیے ایک اعزاز ہے۔
نئی تعینات ہونے والی امریکی قونصل جنرل مس ہاکنز نے شاہی قلعہ کا یہ دورہ آغا خان کلچرل سروسز کی دعوت پر کیا۔ آغا خان کلچرل سروسز کو امریکی حکومت کے ایمبیسیڈرز فنڈ برائے ثقافتی تحفظ(اے ایف سی پی )کے تعاون سے لاہور قلعے کے اندر معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار سات مختلف مقامات کی بحالی اور تحفظ کا کام سونپا گیا ہے۔











