ملتان؛سابق چیف سیکرٹری پنجاب و وفاقی سیکرٹری داخلہ کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

78

 

ملتان،14 ستمبر(اے پی پی): سابق چیف سیکرٹری پنجاب و وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دربار ہال لاہور میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے تعزیتی ریفرنس میں شریک ہوئے جبکہ صوبہ پنجاب کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی تقریب میں ورچوئل شرکت کی۔

اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا و ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔تعزیتی ریفرنس میں تمام افسران نے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

 چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان نے کہا کہ مر حوم کی اچانک وفات کی اطلاع پا کر انہیں انتہائی صدمہ پہنچا۔ وہ ایک تجربہ کار آفیسر اور بہترین دوست تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ عبداللہ خان سنبل ہر دلعزیز آفیسر اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے اور وہ اپنے حسن اخلاق کی وجہ سے دوسرے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتے تھے۔