ملتان؛واسا کے ریونیو میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کا سلسلہ جاری، ریکوری افسران کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی

23

ملتان، 09 ستمبر(اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش کی طرف سے ریونیو میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری ہے، تمام ریکوری افسران کو غیر قانونی کنکشنز کا کھوج لگانے کا دیے جانے والے ٹاسک اور ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی کے سلسلے میں کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش  کی زیر صدارت شعبہ ریکوری کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا،تمام سرکل انچارجز کی ہفتہ کے روز فیلڈ میں کی جانے والی سروے رپورٹ اور نادہندگان سے وصولی بارے کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس دوران جن سرکل افسران کی طرف سے زیادہ  سے زیادہ  نئے کنکشنز کی نشاندہی کی گئی ان کی کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی گئی اور دیگر سرکل افسران کو سروے کے دوران غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کرکے ان کو بلنگ نیٹ ورک میں شامل کرنے اور کیٹگری کی تبدیلی پر نئے ٹیرف کے مطابق بل جاری کرکے ریونیو میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنے کی تاکید کی گئی۔

اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کمرشل اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے اس دوران ہدایت کی کہ  کمرشل اور گھریلو صارفین کے بلوں کو چیک کریں، ٹیرف،کیٹگری،رقبہ درست نہ ہونے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر پیش کی جانے والی سروے رپورٹ میں ایسے کنکشنز کی نشاندہی کی جائے اور اس ڈیٹا کو روزانہ کی بنیاد پر بلنگ سیکشن میں بھجوا کر ریکوری میں اضافہ کیا جائے۔

ایم ڈی واسا نے شعبہ ریکوری کو سخت محنت کرنے کی ہدایات جاری کی اور ستمبر 2023 کے مہینے کے ریکوری ٹارگٹ کوپورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ۔ انہوں نے تمام ریکوری افسران کو ریکوری میں اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے اور ستمبر کے مہینے میں  مکمل ٹارگٹ حاصل کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے اس دوران صارفین کو بھی آگاہ کیا کہ وہ اپنے ذمہ واسا واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کو فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو مزید بہتر کیاجا سکے۔

 ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر و چیئرمین ریکوری کمیٹی جواد کلیم اللہ،ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد،ڈپٹی ڈائریکٹرز،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ریکوری،تمام سرکل انچارجز بھی اجلاس میں شریک تھے۔