میٹرک امتحانات میں الخدمت سکولز اور آغوش ھومز کے 550 پوزیشن ہولڈر طلبہ میں اعزازت کی تقسیم

17

پشاور، 6ستمبر(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا کے تحت صوبہ بھر میں قائم الخدمت سکولز ،آغوش ہومز اور کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ  ہونہار طلباء کو میٹرک کے حالیہ امتحانات میں امتیازی نمبروں کے ساتھ شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے نشتر ہال پشاور میں الخدمت اینول ٹیلنٹ ٹریبوٹ 2023ء کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کی صدرارت الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے 2023ء کے ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی اور اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے پر طلباء کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کو درپیش معاشی مشکلات سیاسی عدم استحکام اور بڑھتی ہوٸی مہنگائی  کا حل تعلیم سے وابستہ ہے جس کیلئے الخدمت کی پوری ٹیم بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ قوم کے مستقبل کے معماروں کی درست سمت میں تربیت اور رہنمائی  کا فریضہ بطریق احسن ادا کریں۔ انہوں نے طلباء کے دلوں میں ذمہ داری اور مقصد کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو معاشرے کی بہتری کے لیے ایک طاقتور ہتھیار کے طور پر استعمال کریں۔

سٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن فار ایکسی لینس کے ڈائریکٹر شکیل احمد نے طلبہ وطالبات کی شاندار اور مثالی کامیابی کو سراہا اور ان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلباء کو اپنا بہترین تعلیمی سفر جاری رکھنے کے لئے مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آگے جا کر ملک وقوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

تقریب سے دیگر شرکاء نے اپنے خطابات میں کہا کہ الخدمت سکولز اور کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ طلباء کی میٹرک کے امتحان میں شاندار کامیابی کی خوشیوں میں وہ برابر کے شریک ہیں اور ان کے لئے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے کہ وہ آج ایسے بچوں کے مابین ہیں جنہوں نے اپنی انتھک محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

تقریب میں میٹرک کے امتحان میں الخدمت  سکولزاور آغوش کے 550پوزیشن ہولڈر طلباء ، پرنسپلز اور اساتذہ میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں دیگر مہمانوں اور صحافیوں میں بھی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

  تقریب میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع، الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کےجنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی،   ڈائریکٹر سٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن فار ایکسیلنس شکیل احمد ،الخدمت پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری فضل محمود، نائب صدور الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالمالک، ذاکر حسین، حافظ حمیداللہ، فدا محمد ،خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین،صوبہ بھر کے الخدمت سکوکز کے پرنسپلز،اساتذہ،طلبہ وطالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔