لاہور،12ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے کابینہ کے ہمراہ نشتر ہسپتال ملتان کا طویل دورہ کیا،ہسپتال میں مفت ادویات نہ ٹیسٹ، انجکشن نہ سرنجز،مریضوں اور تیمارداروں نے طبی سہولتوں کے فقدان پر شکایات کے انبار لگا دیئے ۔کئی وارڈز میں اے سی بند، پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات پرنگران وزیر اعلی شدید برہم ہوئے اورایم ایس کی سرزنش کی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ایم ایس کو فوری طور پر تبدیل کر دیا ۔ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات اور مریضوں سے غلط بیانی پر لیب انچارج کے خلاف بھی کارروائی،پارکنگ اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلی نے ایمرجنسی، لیبارٹری، سرجیکل، نیورو،میڈیکل،فارمیسی، آئی وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا ۔مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی،علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا ۔مریضوں اور تیمارداروں نے وزیر اعلی محسن نقوی کو طبی سہولتوں کے فقدان کے بارے میں شکایات کیں ۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ اس ہسپتال کی صورتحال میں بہتری نہیں آئی، ہسپتال میں ادویات کا نہ ملنا اور ٹیسٹ باہر سے کرانے کا کوئی جواز نہیں،ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے لئے دورے کرتا رہوں گا۔











