ملتان،28 ستمبر(اے پی پی): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے مریضوں کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز نشتر ٹو کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طبی عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی، تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کی سہولیات اور صفائی کی صورتحال سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید شعبہ پیتھالوجی اور ڈاکٹر راشد ارشاد راؤ سمیت ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹینڈنٹ نشتر ٹو ڈاکٹر عارف ذولقرنین اور دیگر انتظامی افسران نے پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کو مختلف آمور بارے بریفننگ دی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے اس موقع پر علاج معالجے کی غرض سے آئے مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈیوٹی پر مامور طبی عملے سے بھی گفتگو کی اور انکی خیریت سمیت درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے ہسپتال میں تعینات طبی عملے کو مریضوں کو فری ادویات اور لیب ٹیسٹوں کی بلا تعطل فراہمی کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔











