بھکر؛پولیوسے بچاﺅ کیلئے ہربچے کو حفاظتی ویکسین قطرے پلواناوالدین کی بنیادی ذمہ داری ہے،ڈی سی

25

بھکر ،28 ستمبر(اے پی پی ): پولیو سے بچاﺅ کیلئے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوانا والدین کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ نونہالان قوم کا مستقبل محفوظ بناکر انہیں صحت مندانہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر کئے جاسکیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنرڈاکٹر نور محمد اعوان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ،ہسپتال کے ایم ایس سمیت دیگر متعلقہ ہیلتھ افسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو راونڈ2 اکتوبر تا 6 اکتوبر تک جاری رہے گا جس کیلئے محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں نے پلان مر تب کر لیا ہے۔

اس مو قع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو مہم کیلئے ڈیوٹی پر مامور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسی نیشن کے عمل سے محروم نہ رہ جائے۔

 علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہیلتھ کے افسران سے کہا کے پولیو راونڈکو حسب سابق سو فیصد کامیاب بنایاجا ئے۔