لاہور، 13 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس شاہین کمپلیکس کا دورہ کیا اورعملے سے ملاقات کی۔وزیراعلی نے ایل ڈبلیو ایم سی کے کنٹرول روم او رآپریشنل روم کامعائنہ کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ایل ڈبلیو ایم سی کو مالی خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ نے ایل ڈبلیو ایم سی کو دبئی میں سالڈ ویسٹ کی سروسز فراہم کرنے کے لئے بڈ میں حصہ لینے کی اجازت دی۔
وزیراعلیٰ نے لاہور کی چند بڑی سوسائٹیز میں صفائی کا نیاقابل عمل پلان طلب کر لیا،جس کے تحت گلبرگ،گارڈن ٹاؤن،جوہر ٹاؤن،مسلم ٹاؤن،فیصل ٹاؤن اور دیگر سوسائٹیز میں کوڑا کرکٹ کو فروخت کرنے کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ لاہور کے چند علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی فروخت کے ماڈل کا جائزہ لے کر باقی علاقوں میں نافذالعمل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے چھوٹے گھروں پر کوڑا کرکٹ کے چارجز لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔اجلاس میں ہر ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے چارجز وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عدم ادائیگی کی صورت میں ہاؤسنگ سوسائٹی کو کوڑا اٹھانے اور ڈمپنگ سائٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ویسٹ ٹو انرجی قابل عمل پلان طلب کر لیا۔انہوں نے کہاکہ کوڑا کرکٹ سے انرجی پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈبلیو ایم سی کو کمپوزڈ فرٹیلائزر کی تیاری کے لئے پلانٹ کو پوری طرح فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ واطلاعات عامرمیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایل ڈبلیو ایم سی کے چیئرمین سردار اسلم وڑائچ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سیکرٹری فنانس،سپیشل سیکرٹری بلدیات پرویز اقبال،کمشنرلاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین نے وزیراعلی کو بریفنگ دی۔











