ٹنڈومحمدخان،28 ستمبر ( اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) سید مقبول باقر کی خصوصی ہدایت پر حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین و فیملی پنشنرز کی تنخواہوں کے حوالے سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹنٹ آفیس ٹنڈومحمدخان میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ کھلی کچہری میں انسپکٹر جنرل (ٹریژری) غلام مرتضیٰ شیخ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (ٹریژری) حبیب الرحمن آرائیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی، اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے نمائندہ محسن علی نے ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل (ٹریژری) غلام مرتضیٰ شیخ نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیس افسراں کو ہدایت کی کہ تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد بروقت فیملی پنشن جاری کی جائے، حکومت کی فیفو پالیسی کہ متعلق بریفنگ کے بعد فہرست کو آویزاں کرنے کہ ساتھ ہر ماہ تمام سرکاری ملازمین کو ملنے والی رقم کی لسٹ جاری کر کے نمایاں کی جائے تاکہ انہیں اپنی باری کی معلومات مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران حکومت کا عکس ہوتے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم عوامی خدمت کی ادائیگی میں عوام کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں۔
انسپکٹر جنرل (ٹریژری) غلام مرتضیٰ شیخ نے کھلی کچہری میں موجود ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ بینوئل فنڈ یا گروپ انشورنس کے کیسز جو عرصہ دراز سے زیر التوا ہیں ان میں دلچسپی لیتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے کے افسراں کو چاہیئے کہ وہ ہر سال ریٹائر ہونے والے ملازمین کی فہرست تیار کر کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیس کو ارسال کریں تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو بروقت پینشن جاری کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ ڈی سی آفیس کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین یا ان کے لواحقین کو ٹریژری آفیس سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو وہ ان سے رابطہ کریں تاکہ ان کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے مسائل کے حل کے لیے جلد ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک سیل قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاونٹ آفیسر ٹنڈومحمدخان انیل کمار نے بتایا کہ آج تک ضلع ٹنڈو محمد میں ایل پی آر کے 95 کیسز اور کمیوٹیشن کے 101 کیسز فنڈز کی کمی کی وجہ سے زیر التوا ہیں جنہیں فیفو پالیسی کے تحت ہر ماہ ادائیگی کی جا رہی ہے، کھلی کچہری میں 23 لوگوں نے اپنے تحریری شکایات جمع کروائیں، جن میں سے متعدد شکایات کا فوری حل کیا گیا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد یوسف جہجہو، ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ذولفقار علی نظامانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اکبر شاہ، عبدالوہاب نظامانی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر غلام قادر میمن ، وصی الدین میمن ، محمد عادل، اسرار بگھیو، فرحان صدیقی، ایجوکیشن ورکس کے ایگزیکٹو انجینئر محبوب میمن، پ ٹ الف رہنماء حاجی شفیع محمد سٹھیو سمیت ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، بیوہ پنشنرز نے بھی شرکت کی۔











