پنڈی بھٹیاں،23 ستمبر (اے پی پی): تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں نے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ 35 مالکان کے حوالے کر دیا ہے۔برآمد شدہ مال مسروقہ میں 50 لاکھ سے زائد نقدی,1ڈمپر، 2ٹریکٹر،1شاہزور ڈالہ،1لوڈررکشہ اور 27 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔مال مسروقہ 2 ڈکیت گینگز سمیت 17 چوروں اور ڈکیتوں سے برآمد کیا گیاہے۔
ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار نے مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے حافظ آباد پولیس بھرپور محنت اور لگن سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کے بعد ہم نے اقلیتوں کے تحفظ کے لئے سات سنٹر بنائے ہیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہو سکیں۔
ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ پولیس آپ کے تحفظ کے لیے ہے آپ کسی بھی وقت پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کر سکتے ہیں اور آپ کا تحفظ کرتے ہوئے حافظ آباد پولیس کے 18 جوان شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس آپ کے جان ومال کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں اور وارداتوں کو ٹریس کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔











