چترال،09ستمبر(اے پی پی): چترال میں امن و مان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے گرانڈ امن جرگہ منعقد ہوا، جرگہ میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوں اور سنی، اسماعیلی دونوں کمیونٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
گرانڈ امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے عمائدین نے کہا کہ چترال کے لوگ ہمیشہ سے پاکستان اور فوج کے وفادار رہے ہیں مگر حالیہ دنوں میں جو ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اس سے ہر چترالی نہایت پریشان ہے۔
مقررین نے کہا کہ چترال میں دنیا کے واحد اور مخصوص ثقافت کے حامل کیلاش لوگ رہتے ہیں ان کی مخصوص ثقافت کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے سیاح یہاں آتے ہیں،لہذا یہاں امن ضروری ہے۔
امن جرگے میں تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو بعد میں مولانا شیر عزیز کی دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔











