اوکاڑہ،28اکتوبر(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر نے کہا ہے کہ سموگ انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے اس کے تدارک کے لئے ہمیں مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھنا ہے،سموگ کو ختم کرنے کیلئے کاشتکار ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ ماحولیات،محکمہ زراعت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ، متعلقہ محکموں کے افسران نے انسداد سموگ کے لئے کی جانے والی کارروائیوں اور عوام الناس کو انسداد سموگ سے متعلق آگاہی دینے کے سلسلہ میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عوامی مفاد کو اولین فوقیت دیں، آلودہ فضا انسانوں کی بقا کے لئے انتہائی مہلک اورصحت کے معیار کو کم کرنے کی بڑی وجہ ہے،ہمیں فضا کو آلودگیوں سے بچانے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے جس میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کو زمینی حقائق کے مطابق آگے بڑھنا ہے،۔
انہوں نے کہا کہ آلودگی ایک زہر ہے جس کو ختم کرنے کے لئے کاشتکار ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، دھان سمیت فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور سموگ مہلک اور جان لیوا حادثات کی بڑی وجہ ہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگرنے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت کے عملہ کی تجاویز کی روشنی میں فصلوں کی باقیات کو روٹا ویٹر،ڈسک ہیرو اور رائس کڑاچاپر کے ذریعے زمین میں دبائیں جس سے زمین کی ذرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو جبکہ کوڑا کرکٹ سڑکوں کے کنارے سرکنڈوں اور گھاس پھوس کو آگ لگانا بھی انتہائی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت ،شیلر اور دیگر صنعتی یونٹ بھی دھوئیں کے اخراج سے متعلق پنجاب حکومت کی پالیسی پرسوفیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں سمو گ ہم سب کے لئے خطرہ ہے اورہمیں اس خطرہ کی شدت کو کم سے کم سطح پر رکھنے کے لئے مل کر کا م کرنا ہے۔











