ایمسٹرڈیم ، پاکستانی سفارتخانہ نے اے آئی اینڈ بگِ ڈیٹاایکسپو یورپ میں آئی ٹی کمپنیوں کی شمولیت کیلئے ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان کے نام سے پویلین قائم کیا

44

اسلام آباد۔21اکتوبر  (اے پی پی):پاکستانی سفارتخانہ  دی ہیگ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس سی بی)اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے اشتراک سے ایمسٹرڈیم میں منعقدہ اے آئی اینڈ بگِ ڈیٹاایکسپو یورپ، میں پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کی شمولیت کے لئے ‘ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان کے نام سے پویلین قائم کیاہے۔ پاکستان سے شرکت کرنے والی کمپنیوں رائل سائبر،برکلیز،زائنو ٹیک،ڈجی فلوٹ،گریفائیٹ اور دیگر نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔  سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی نمائش کنندگان سے ملاقات کی، ابیکس کنسلٹنگ کی سی ای او محترمہ فاطمہ اسد سعید نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں مواقع پر پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر پیش کیا جو نہ صرف آئی ٹی سروسز کے لیے بلکہ سرمایہ کاری کے لیے ایک انتہائی سازگار مارکیٹ کے طور پر بھرپورمواقع فراہم کرتا ہے۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان سے پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی نمائش کنندگان کی کوششوں کو سراہا۔نمائش 27 ستمبر کو اختتام پذیر ہوئی۔ پاکستانی سفارت خانہ نے تقریب کا اہتمام کیاجس میں پاکستانی نمائش کنندگان اورنیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنلز، ماہر ینِ تعلیم اور بین الاقوامی کمپنیوں میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیرنے آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے سفارت خانہ کی جانب سے کئےگئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز میں ٹڈاپ،پی ایس ای بی اور پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کے تعاون سے ویبینار اور دیگرتقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے،سفارت خانے نے نیدرلینڈز میں ملازمت کے مواقع کے حوالے سے پاکستانی پیشہ ور افراد کی آگاہی کے لیے ویبینار کا ایک سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں پاکستان سے نیدرلینڈز کو کو آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات 9.8 ملین امریکی ڈالرز سے بڑھ کر 23 ملین امریکن ڈالرز تک اضا فہ اور ڈچ کمپنیوں میں ملازمت پانے والے آئی ٹی پیشہ افراد کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں یہ کوششیں رنگ لائی ہیں۔سفارت خانہ نے مئی 2023 میں آئی ٹی کمپنیوں کے وفد کے دورے کا اہتمام بھی کیا تھا۔ دورہ کرنے والے مندوبین نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کے بارے میں اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ شرجیل توصیف سی ای او سیکوین ایکس جو وفد کا حصہ تھے نے کہا کہ سفارت خانہ کے ذریعے ان کے پاکستان کے دورے کے بعد سیکوین ایکس نے اسلام آباد میں سافٹ ویئر بزنس ڈویلپمنٹ سینٹر کھولا ہے۔ یہ ان کے نیدرلینڈ ز اور پاکستان کے درمیان سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کوریڈور قائم کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔ اس کو مزید مستحکم کرنے کے لیےسیکوین ایکس نے گلوبل کامسیٹس کے ساتھ ایک یاداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔پاکستانی نمائش کنندگان سفارت خانے کی جانب سے کئےگئے انتظامات سے انتہائی مطمئن اور آئی ٹی مصنوعات  کی برآمدات میں اضافے کے لیے پرامید بھی تھے۔ ابیکس کنسلٹنگ کی سی ای او محترمہ فاطمہ اسد سعید نے نمائش میں شرکت کے حکومت پاکستان کے فیصلے کے ساتھ ساتھ شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ڈچ کمپنیوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سفارت خا نہ کی کوششوں کو سراہا۔ رائل سائبر کمپنی کے محمد مصطفیٰ نے کہا کہ نیدرلینڈز کے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں اور پاکستانی ماہرین ڈچ کمپنیوں کی ضروریات کو مناسب طریقے سے پورا کر سکتی ہیں۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) تشکیل دی ہے جس نے آئی ٹی کو سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے پی ایس سی بی اور ٹڈاپ کی کاوشوں کو سراہا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈچ کاروباری اداروں کو پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔