بدين،24اکتوبر(اے پی پی): عالمی یوم پولیو کے موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالفتاح ہلیو کی قیادت میں سول ہسپتال سے منو بھائی تھیلیسیمیا کیئر سینٹر تک آگاہی واک نکالی گئی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک معاشرہ دینے کے لیے پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب کر کے پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر عالمی یوم پولیو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی لیکن پولیو سے پاک دنیا کا خواب ایک حقیقت بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں میڈیا کا کردار اہم ہے، چاہے وہ پرنٹ میڈیا ہو، الیکٹرانک میڈیا ہو یا سوشل میڈیا ہو ہر ایک کا مثبت کردار رہا ہے۔
آگاہی واک میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہیرالدین میمن، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد ملاح، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر منظور، ڈاکٹر رجنیش، ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی رٹائرڈ میجر ڈاکٹر میر حسن جمالی اور دیگر متعلقہ افسران، طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











