تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس میں پنجاب کابینہ کی شرکت

25

 

لاہور،28اکتوبر  (اے پی پی):تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس میں پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے 3گھنٹے طویل اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری 43 ترجیحی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا اور ڈرون فوٹیج کے ذریعے 43 منصوبوں پر ڈویلپمنٹ پراگریس کا مشاہدہ کیا،ہر پراجیکٹ کے انتظامی ومالیاتی امور کا جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ ملٹی گریڈ فلائی اوور منصوبے پر کام 92فیصد، امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج پر 65فیصد مکمل ہوچکاہے۔اکبر چوک فلائی اوور اوربیدیاں انڈر پاس کی تعمیر 80فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ مین بلیوارڈ گلبرگ تا والٹن روڈ 80فیصد، گھوڑا چوک فلائی اوور34فیصد مکمل ہوچکاہے۔ وزیراعلی نے فیصل آباد میں عبداللہ پور فلائی اوور اور جھنگ میں جناح پارک پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ پر 31فیصد،واہنڈو انٹرچینج گوجرانوالہ پر 55فیصد، گجومتہ تا قصور فیروز پور روڈ پر 51فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ ملتان شجاع آبادفلائی اوور،ڈویژنل لیول ای رجسٹریشن آفس اور نئے جی او آر کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔سروسز ہسپتال،گنگارام ہسپتال، لیڈی ولیگٹن، میو ہسپتال،جنرل ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا۔لاہور چڑیا گھر او رسفاری پارک کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی پر رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے با با بلھے شاہ ، شاہ شمس تبریز ، بابا فرید  او ردربار بی بی پاکدامن  کی اپ گریڈیشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے فیصل آباد، راولپنڈی  اورگوجرانوالہ کے سیف سٹی اتھارٹی کے منصوبوں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا حکم دیا۔

وزیراعلی محسن نقو ی کو کیڈٹ کالج ملتان، گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام اور ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور پارک کے قیام پر رپورٹ پیش کی گئی۔شرکا کو پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری او ربائیو گیس پلانٹس کے بارے میں بھی بریف کیاگیا۔