پاکستان برونائی مشترکہ دفاع ورکنگ کمیٹی کا چھٹا دور، دفاع اور سلامتی سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم

62

اسلام آباد،25اکتوبر (اے پی پی):پاکستان برونائی مشترکہ دفاع ورکنگ کمیٹی  کا چھٹا دور  اختتام پذیر ہوگیا ،   اجلاس میں  باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں مما لک نے اس فورم کا آئندہ اجلاس برونائی میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا  ۔

پاکستا ن برونائی مشترکہ دفاع ورکنگ کمیٹی (جے ڈی ڈبلیو سی) کے چھٹے دور کی بات چیت 23  تا  25 اکتوبر 2023 ء کو  وزارت دفاع، راولپنڈی میں منعقدہوئی۔ سیکرٹری وزارت دفاع  لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) حمود الزمان خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ برونائی دارالسلام کے وفدکی قیادت  مستقل سیکرٹری   وزارت دفاع ،بریگیڈیئر جنرل (ر) داتو سیری پہلوان حاجی علیروپندی بن حاجی پیرودین نے کی۔جے ڈی ڈبلیو سی میٹنگ کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملٹری ٹریننگ،  وفود کے تبادلےاور دفاعی آلات کی مشترکہ پیداوار سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وفد کے رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔