سانحہ تربت میں شہید ہونے والے شجاع آباد کے مزدوروں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں تدفین کر دیا گیا

44

شجاع آباد 15 اکتوبر( اےپی پی): سانحہ تربت میں شہید ہونے والے شجاع آباد کے پانچ مزدوروں کی میتوں کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ اتوار کے روز سانحہ تربت میں شہید ہونے والے شجاع آباد کے مزدوروں کی نماز جنازہ پیروڑہ کی جنازہ گاہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت سیاسی عمائدین ،انتظامیہ اور ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر  پنجاب پولیس کے دستے کی جانب سے شہداء کو سلامی بھی پیش کی گئی اور  میتوں کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔قبل ازیں سانحہ تربت میں شہید ہونے والے مزدروں رضوان ، شہباز، وسیم، سکندر اور شفیق کی لاشوں کوکوئٹہ سے بذریعہ طیارہ  ملتان پہنچایا گیا،ملتان ائیر پورٹ سے لاشوں کو  شجاع آباد آبائی علاقے منتقل کیا گیا،پانچ شہید افراد میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے،شہید رضوان اس کے دو بھانجے وسیم اور شہباز جبکہ ایک بھتیجا سکندر شامل ہیں،پانچوں مزدروں  کی میتیں آبائی علاقہ پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی ،بے گناہ معصوم مزدروں کی دہشتگرانہ واقعہ میں شہادت پر اہل علاقہ اور ورثاء نے شدید مذمت کرتے ہوئے غم کا اظہار کیا ہے اور سانحہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔سانحہ میں شہید ہونے والے مزدروں کے لواحقین کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔