ساہیوال؛نوجوان اپنی پوری توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں، کمشنر کا تقسیم سرٹیفیکیٹس تقریب سے خطاب

27

ساہیوال،28اکتوبر(اے پی پی): کمشنر شعیب اقبال سید نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پوری توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں اور دنیا میں مقابلے کے لئے اپنے آپ کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار رکھیں، دوران تعلیم طلبہ و طالبات کی کردار سازی میں معیاری تعلیمی اداروں جیسے ڈویژنل پبلک سکول کا اہم کردار ہے جن کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔

وہ یہاں سیدتجمل عباس آڈیٹوریم میں میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور اسے والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت قرار دیا۔

قبل ازیں پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے سال 2022-23کے دوران سکول کی نصابی اور ہم نصابی کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ سکول کے طالب علم سانول شفیق بٹ نے لاڑکانہ میں منعقدہ آل پاکستان بورڈز  بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور اسے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں بورڈز کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ میٹرک امتحان میں 1100میں سے1082نمبر حاصل کر کے طالبات میں پہلی پوزیشن مریم عباس اور1075نمبر حاصل کرکے طلبہ میں پہلی پوزیشن محمد شاہ زیب نے حاصل کی جبکہ گرلز سکول کی سیکشن ہیڈ رقیہ عابد کو بہترین ٹیچر کا انعام دیا گیا۔

تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، پرنسپل بریگیڈئیر (ر) انوار الحسن کرمانی، وائس پرنسپلز اکبر علی اور مومنہ ایزد، سیکشن ہیڈز میاں محمد اکمل اور جاوید اقبال اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود اور ڈاکٹر شہزاد طاہر اور سابق وائس پرنسپل محمد رفیق سمیت اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔