سکھر: انسداددہشت گردی کی عدالت نے صحافی جان محمد مہر قتل کیس میں گرفتار تینوں سہولت کاروں کو 12اکتوبر تک جیل بھیج دیا

16

 

سکھر،02اکتوبر(اے پی پی)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے صحافی جان محمد مہر قتل کیس میں گرفتار تینوں سہولت کاروں کو 12 اکتوبر تک جیل بھیج دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت ون سکھر میں صحافی جان محمد مہر کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ قتل کیس میں تینوں سہولت کار ملزمان بخشل عرف بخشو مہر، بابر مہر اور منور مہر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا،عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت ون کے جج عبدالرحمن قاضی نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سی ٹی ڈی پولیس سے اصل ملزمان کو گرفتار نہ کرنے سے متعلق استفسار کیا۔ پولیس نے اے ٹی سی عدالت کو بتایا کہ تین سہولت کار ملزمان بخشل عرف بخشو مہر، بابر مہر اور منور مہر کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے باقی ملزمان کی معلومات حاصل کی جا رہی ہے ، جلد ان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ شہید جان محمد مہر کے قتل کیس میں شیرل مہر، گلزار مہر، قربان مہر، نصیر مہر، جمن مہر اور دیگر نامزد ملزمان ہیں جو گرفتار نہیں ہو سکے۔ پولیس 50 روز میں بھی ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔