لاہور، 27 اکتوبر ( اے پی پی ): لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری،متعدد بجلی چور پکڑے گئے۔
لیسکو ٹیم نے ایس ڈی او واپڈا ٹاؤن محمد علی ریاض اعوان کی زیر قیادت پی آئی اے سوسائٹی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا، دوران چیکنگ “پیزا ٹیسٹ” نامی پیزا شاپ کا مالک بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کررہا تھا، چوری کی بجلی سے 5ہزار واٹ کے دو پیزا اوون اور دو اے سی چلائے جارہے تھے، لیسکو ٹیم نے موقع پر لگا تھری فیز میٹر قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروادیا ہے۔
دوسری جانب ڈیوس روڈ سب ڈویژن کے علاقے ڈیورنڈ روڈ پر واقع کثیر المنزلہ عمارت میں بجلی کی چوری پکڑی گئی،بلڈنگ میں لیسکو کے میٹر نہیں لگائے گئے تھے، ملزمان لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے تار لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، چوری کی بجلی سے 5 اے سی چلائے جارہے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 9500یونٹس ڈٹیکشن بل چارج کر دئیے گئے ہیں، اسی طرح صحافی کالونی سب ڈویژن کے ایس ڈٖی ا وتنویر کاشف نے آپریشن کرتے ہوئے رحمان ہاؤسنگ سوسائٹی میں الرشد پلازہ میں بجلی چوری پکڑ لی۔
الرشد پلازہ میں لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر اور بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی،الرشد پلازہ کے دونوں میٹر ڈیڈ ڈیفالٹر کی لسٹ میں ہونے کی وجہ سے کاٹ لئے گئے تھے جن میں سے ایک میٹر کی نادہندہ رقم133752جبکہ دوسرے میٹر کی رقم 160632ہے۔ انتظامیہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کرکے ڈٹیکشن بل کی مد میں 8000یونٹس چارج کردیئے گئے ہیں۔











