نگران صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی کیلئے ہرممکن مدد فراہم کرتی رہے گی؛ وزیر داخلہ میر محمد زبیر جمالی

16

نصیر آباد،27اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی کیلئے ہرممکن مدد فراہم کرتی رہے گی اور جلد صوبے میں امن واستحکام بحال ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  امن و امان کے جائزہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر داخلہ بلوچستان کو امن و امان سے متعلق مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں کمشنر نصیر آباد طارق قمر بلوچ،ڈی آئی جی نصیر آباد رینج صاحبزادہ بلال عمر و دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے،اجلاس میں حکام کی جانب سے نصیر آباد شہر میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےنگران وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم ہر صورت کنٹرول ہونا چاہئے، اسٹریٹ کرائم سے متعلق پولیس ضروری اقدامات کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فورسز کو شفاف طریقے سے بلاتفریق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرے جبکہ غیر ملکی کی واپسی کے موقع پر ٹرانزٹ پوائنٹ بنائیں تاکہ طبی امداد اور خوارک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔