ملتان ،04 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں یوتھ سپورٹس لیگ ٹرائلز شروع ہو گئے ہیں۔
بی زیڈ یو سپورٹس کمپلیکس کے سکواش کورٹ پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے دوروزہ ٹرائلز کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ سکواش کے کھیل میں پاکستان نے ریکارڈ ساز کامیابیاں سمیٹی ہیں اور اب پی ایم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے باصلاحیت سکواش کھلاڑی میسر آئیں گے۔
ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کی فوکل پرسن برائے پنجاب عابدہ خان نے بتایا کہ ان ٹرائلز میں 15سے 25برس کے بوئز اور گرلز کھلاڑی ٹرائلز میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جی سی یونیورسٹی لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی ،فیصل آباد ،سرگودھا یونیورسٹی میں بھی سکواش ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز لیے جا چکے ہیں ۔ آخری مرحلہ میں 9اکتوبر کو لاہور میں سکواش ٹرائلز لیے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان ٹرائلز میں محکموں کے پروفیشنل کھلاڑی حصہ نہیں لے سکتے ۔
ٹرائلز سیشن تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شبانہ اور پروفیسر طاہر محمود نے بھی شرکت کی۔











