ملتان، 25 اکتوبر(اے پی پی ):کمشنرڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شاہراؤں سے ملحقہ علاقوں، گلیوں محلوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے اور حالت زار بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے، پی ایچ اے پرانا شجاع روڈ پر جاری شجرکاری جلد مکمل کریں ،محکمہ فوڈگندم اسٹاک اور مارکیٹ میں آٹا ڈیمانڈ بارے مکمل ورکنگ کرے۔مارکیٹ کمیٹی منڈیوں میں سہولیات بہتر بنائے، نیلامی عمل کی مانیٹرنگ کرے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، گھی، دودھ، دہی، روٹی، نان اور بیکری آئٹمز کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ حکومت پنجاب کو بھجوانے کیلئے ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر ڈویژن میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی ڈیمانڈ لسٹ بنائیں۔ضلعی انتظامیہ ، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن شہر سے وال چاکنگ، تجاوزات کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کریں۔بس اڈوں کی حالت بہتر بنائی جائے،مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ر رضوان قدیر موجود، دیگر ڈی سیز ویڈیو لنک پر موجود تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ، ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام ،ڈی جی پی ایچ اے آصف رؤف،سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب ، سی او میونسپل کارپوریشن چوہدری فرمائش ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتق،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر ساجد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ابراہیم کھر، ایکسئن بلڈنگ حیدر علی، ڈی او فوڈ احمد جاوید اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔











