اوکاڑہ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم مینار پاکستان پر جلسہ کر نے جارہے ہیں ، نواز شریف کا21 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والا جلسہ تاریخ رقم کرے گا، آئندہ الیکشن میں میاں نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش نہ کی جائے ، کسی سیاسی جماعت کو الیکشن سے آؤٹ نہیں دیکھنا چاہتے، نو مئی کے ملزمان کا احتساب کیا جائے جنہیں سزا ملنی چاہیے،اوکاڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2018 میں آر ٹی ایس بٹھانے کے باوجود ہم نے الیکشن کو مانا ،اب میاں نواز شریف یا مسلم لیگ نون کیوں الیکشن نہیں چاہیں گے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں یاور زمان ضلعی صدر میاں منیر اور دیگر موجود تھے، جاوید لطیف نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں نواز شریف نے ہی ملک کو سنبھالا، نواز شریف نے ہی پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا ،انہوں نے کہا کہ اگر سول نافرمانی کو روکا ہوتا تو نو مئی کا سانحہ نہ ہوتا ، نو مئی کے ملزمان کا احتساب کیا جائے جنہیں سزا ملنی چاہیے،بعد ازاں جاوید لطیف نے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل کنونشن سے خطاب کیا اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ نواز شریف کے جلسے کو تاریخی بنانے کے لیے جدوجہد تیز کی جائے ۔











