وزیراعلیٰ محسن نقوی کا رات گئے اچانک نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈ رپاس اور علی الصبح اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹس کا دورہ،منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا

25

لاہور, 19 اکتوبر(اے پی پی)-: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے اچانک نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈ رپاس اور علی الصبح اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او بھی ہمراہ تھے۔وزیراعلی محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈر پاس کی کھدائی کے کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی بارشوں سے ہونے والی تاخیر کا اضافی مشینری اور ورکرز لگا کر ازالہ کیا جائے۔ وزیراعلی نے بیدیاں روڈانڈرپاس کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے ہدایات دیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے اکبر چوک  فلائی اوورزمنصوبے کے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے کی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا کام مزید تیز کرنے کے لئے ہدایات دیں۔وزیراعلی نے کہا کہ اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے ہزاروں افراد کو آمدورفت میں بے پناہ آسانی ملے گی اور اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔