لاہور11اکتوبر( اے پی پی ): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال بھی اپ گریڈ ہو گا۔چلڈرن ہسپتال میں 150بیڈ ز کی میڈیکل ایمرجنسی بنے گی،آؤٹ ڈور وارڈ بھی اپ گریڈ ہوگا اورمیڈیسن ویئر ہاؤس نیا بنے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے آج چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اورایمرجنسی میں زیرعلاج بچوں کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اوربچوں کی ماؤں کو دلاسہ دیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کا نہ صرف فری علاج ہو گا بلکہ ادویات بھی فری ملیں گی۔وزیراعلی محسن نقوی کے دورے کے دوران چلڈرن ہسپتال میڈیکل ایمرجنسی میں ایک بیڈ پر 3سے 4بچوں کا علاج ہورہا تھا جبکہ ایک اے سی چل رہا تھا باقی بند تھے۔وزیراعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی میں بند اے سی بھی فوری طور پر چلانے کی ہدایت کی۔بعض ماؤں کی درخواست پر وزیراعلی محسن نقوی نے بچوں کے علاج معالجے کے لئے وائس چانسلر چلڈرن یونیورسٹی اور میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کو ہدایات دیں۔وزیراعلی نے وائس چانسلر چلڈرن یونیورسٹی کو ذاتی طور پر بچوں کے علاج معالجے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد میں فوری اضافہ ضروری ہے۔ایک بیڈ پر ایک بچے کا علاج ہونا چاہیے۔اپ گریڈیشن کے لئے52کروڑ روپے مختص کر دئیے ہیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے میڈیکل ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد 150تک بڑھانے کا پلان طلب کیا اور اس ضمن میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ،وائس چانسلر اور میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کو جلد ایمرجنسی کو150بستروں تک بڑھانے کے حوالے سے پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی نے چلڈرن ہسپتال کے 38بستروں پرمشتمل توسیع شدہ ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا،زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اورماؤں سے علاج معالجے کی سہولتوں بارے دریافت کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے توسیع شدہ ایمرجنسی بلاک سے ملحقہ عمارت میں بھی ایمرجنسی کو مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں۔وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت چلڈرن ہسپتال میں اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی محسن نقوی کو ہسپتال میں بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اور اپ گریڈیشن پلان پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی نے اپ گریڈیشن کا کام جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے علاج کے لئے اوکسی نیٹرزکو جلد امپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے وزیراعلی محسن نقوی کو اپ گریڈیشن پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔وائس چانسلر چلڈرن یونیورسٹی نے ہسپتال کے امور کے بارے میں آگاہ کیا۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسز، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











