ڈی جی خان؛تجازوات کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور آپریشن شروع

41

ڈیرہ غازی خان،29 اکتوبر( اے پی پی ): ڈیرہ غازی خان میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بھرپور آپریشن شروع کردیا گیا۔اس حوالے سے قائم مقام ڈپٹی کمشنر میاں رضوان نذیر نے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرکے تجاوزات خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی،سی او ایم سی مسرت عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی اورشاہراہوں،دکانوں اور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان ضبط کرلیا جائے گا،میاں رضوان نذیر نے کہا کہ بے تحاشا تجاوزات نے شہر کے حسن کو ماند کر دیا ہے اورپل ڈاٹ،جام پور روڈ،چورہٹہ چوک سمیت شہر کے بازاروں میں کسی کو بھی تجاوزات قائم نہیں کرنے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ دکاندار حدود میں رہیں اور سامان سڑکوں کے بجائےدکانوں میں رکھیں،ہم نے تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہر دوبارہ کشادہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حدود سے باہر سامان رکھنے والے کا سامان ضبط کرکے مالکان کیخلاف مقدمات بھی درج کروائیں گے،انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کریں۔