اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ عوام الناس کیلئے کیٹگری ای کے لائسنس کا اجرا موٹر وے پولیس کا اہم سنگ میل ہے، اس اقدام سے مشرق وسطی، کینیڈا اور یورپ میں سی ای کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے پاکستان میں پہلی دفعہ موٹروے پولیس کی جانب سے عوام الناس کیلئے کیٹگری۔ای (سی ای) کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلہ میں ہفتہ کو ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کیٹگری ای ڈرائیونگ لائسنس کا افتتاح کیا جس کے بعدکیٹگری ای ڈرائیونگ لائسنس کے حامل ڈرائیورز ٹریلر چلانے کے اہل ہوں گے۔ نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کیٹگری ای ڈرائیونگ لائسنس کا افتتاح کیا، وفاقی سیکرٹری مواصلات خرم آغا، انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی صاحبان اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نگراں وفاقی وزیر مواصلات نے عوام الناس کیلئے کیٹگری ای کے لائسنس کے اجرا پر آئی جی موٹر ویزاور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ موٹروے پولیس کی طرف سے کیٹگری ای کے لائسنس کا آغاز قابل ستائش ہے۔نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑنے کہا کہ مشرق وسطی، کینیڈا اور یورپ میں سی ای کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے روزگار کے بہترین مواقع میسر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کم سے کم وقت میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کیٹگری ای ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں۔ نگران وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اس لائسنس کے حامل افراد کے بیرونی ممالک روزگار سے پاکستان میں زرمبادلہ میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے لئے ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس میں اس کیٹگری کا شامل ہونا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اورآپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، موٹر وے پولیس کی تنخواہ میں اضافے کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹروے پولیس نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پراس کیٹگری کے ڈرائیونگ لائسنس کا آغاز ایچ ٹی وی ٹیسٹ سینٹر سنگجانی، اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے، شاہراہوں کو محفوظ بنانے کی جد وجہد میں سی ای کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک تین سے پانچ ہزار افراد کو اس کیٹگری کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنا موٹروے پولیس کا ہدف ہے۔ سلطان علی خواجہ نے کہا کہ اس ڈرائیونگ لائسنس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر یکساں اہمیت حاصل ہو گی، شفاف اور سخت امتحانی عمل کے بعد ہی کیٹگری ای ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ممکن ہو گا۔ آئی جی نے کہا کہ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ لائسنس کی وجہ سے ڈرائیورز پورے اعتما د کے ساتھ ڈرائیونگ کررہے ہیں۔











