لاہور14 اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی کے مسلسل دوروں سے بیدیاں روڈ انڈر پاس منصوبے کا 65روز میں 79 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔وزیراعلی محسن نقوی نے انڈر پاس کی کھدائی کے کام کا جائزہ لیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈر پاس کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کام دیکھے اور دیواروں کے تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بیدیاں روڈانڈرپاس کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے مزید ورکرز اورمشینری تعینات کی جائے۔ بیدیاں روڈ انڈر پاس رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ بیدیاں روڈانڈر پاس سے منسلک سوئی گیس لائن کی شفٹنگ کا کام جاری ہے۔ ہر مرحلہ پر نیسپاک سے کوالٹی رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ بیدیاں روڈ، نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار گاڑیاں مستفید ہونگی۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











