کیپٹل سٹی پولیس کی کاروائی، خالی مکان سے غیر ملکی شراب سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار

22

 

پشاور، ۵اکتوبر(اے پی پی): کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی منشیات ، اسلحہ، شراب اور غیر قانونی اشیاء کی روک تھام کیلئے کریک ڈاون جاری ہے جس کے دوران خفیہ انفارمیشن ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی کی نگرانی میں ایس پی کینٹ وقاص رفیق اور ایس پی ورسک محمد ارشد نے ڈی ایس پی کینٹ ہارون جدون ، ڈی ایس پی امتیاز عالم اور ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ شیر عالم خان اور ایس ایچ او تھانہ شرقی محمد آصف کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران شہر کے رہائشی علاقہ نجی سوسائٹی میں واقع خالی مکان میں بھاری تعداد میں غیر ملکی شراب پکڑلی گئی۔

اس کاروائی کے دوران سب سے بڑے نیٹ ورک کے دو ملزمان حسنین ولد محمد انور خان اور وسیم الرحمان ولد آفتاب الرحمان ساکنان مردان کو گرفتار کیا ہے۔نیٹ ورک نے اپنے مذموم مقاصد کی خاطر اور شراب کے مکروہ دھندے کیلئے کرایہ پر مکان حاصل کیا تھا جہاں سے شراب اندرون شہر سمیت رہائشی اور نواحی علاقوں کو سپلائی کی جاتی تھی۔

کاروائی کے دوران مجموعی طور پر 930بوتل اور بئیر کین شراب برآمد کرنے کیساتھ ساتھ شہر بھر میں شراب سپلائی کرنے میں استعمال کیا جانیوالا  رکشہ بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

نیٹ ورک کے گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شراب کی تیاری اور مخصوص ڈیلرز کو سپلائی کا اعتراف کر کے نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹی میں تشکیل دے دی گئی ہے۔ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے دوران تفتیش ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔