لاہور 10 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ/وزیر مملکت مشعال حسین ملک نے ملاقات کی۔ملاقات میں مسلہ کشمیر، فلسطین اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو سمیت وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے گورنر پنجاب کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹیوں میں خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے پر قائم کنسورشیم کو سراہا۔مشعال ملک کا یونیورسٹیوں میں طالبات کے لیے مختلف پروگرامز میں اشتراک کرنے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کی روشنی میں حق خودارادیت ملنا چاہیئے۔ مسلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین میں امن کا خواہاں ہے۔فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز تسلط اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حق خودارادیت سے محروم کرنا ، معصوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ،اسرائیلی قابض فوج کی مسجد الاقصی اور دوسرے مقدس مقامات پر حملے وہ جرائم ہیں جن کا عالمی برادری کو نہ صرف نوٹس لینا چاہیئے بلکہ روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ بلیغ الرحمٰن
نے کہا کہ وائس چانسلرز کو متحرک کیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں طلبا کی کردار سازی اور ان کی تنقیدی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے 100 دن پلان پر کام شروع کر دیا ہے اور اس کی کارکردگی نگران حکومت کے پہلے 100 دن مکمل ہونے پر عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ مشعال ملک
کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔











