لاہور، 19 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی رابطوں کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے اپنے ہم منصب کو لاہور میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کاسب سے بڑا صوبہ ہے، ملک کی ترقی کے لیے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی لازمی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز میں بلوچستان کے طلبا کے لیے خاطر خواہ سکالرشپس اور نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ گورنر پنجاب نے گورنر بلوچستان کو یونیورسٹیوں میں بطور چانسلر کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں 07 اہم شعبوں پر کنسورشیمز بنائے گئے ہیں ۔ جن کا مقصد ان اہم شعبوں میں بہتری لانے کے لیے سفارشات بنانے کے ساتھ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے۔ گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے ان اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔











