اسلام آباد،3نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا ہے کہ اسرئیل گزشتہ 75 سالوں سے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و جبر ڈھا رہا ہے اب اس بربریت کی انتہا ہو گئی ہے اور ہزاروں نہتے فلسطینی مسلمان جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں، لوک میلے میں فلسطین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں فلسطین کے سفیر احمد امین کے ہمراہ دس روزہ فوک فیسٹیول “لوک میلہ” کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ جمال شاہ نے اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں ملک بھر سے سینکڑوں ماہر کاریگر، لوک فنکار، دیہی موسیقار اور لوک رقاص شرکت کر رہے ہیں جو اپنے ساتھ فنون، دستکاری اور دیگر شعبوں میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کوپیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی کرافٹ بازار بھی قائم کیا گیا ہے جس میں مختلف قسم کے منفرد دستکاری، یادگاری اشیاء، نوادرات اور آرائشی فن پارے موجود ہیں۔
مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے حاضرین سےدرخواست کی کہ فلسطینی پیویلین میں رکھے باکس میں جو بھی ہو سکے مالی امداد کی جائےکیونکہ ہم اس مشکل وقت میں اپنے فلسطینی بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑسکتے اِن کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔











