جوہر آباد،8 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا ہے کہ قوت گویائی و سماعت سے محروم بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کی بحالی اور ان میں میںباوقار زندگی گزارنے صلاحیت پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور باوقار شہری بنانے کیلئے ڈیف اینڈ ڈمپ سکول کا کردار کلیدی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیف اینڈ ڈمپ سیکنڈری سکول جوہر آباد میں پرنسپل عنایت اللہ نیازی کی زیر صدارت منعقدہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ بار کے نائب صدر زوار حسین کھارا ایڈووکیٹ کے علاوہ سکول کے تدریسی سٹاف ، سٹوڈنٹس اور ان کے والدین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب نے سکول کے پرنسپل عنایت اللہ نیازی کو ہدایت کی وہ بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اگر 9نومبر کو صوبائی سطح پر منعقد ہونیوالے مقابہ جات میں ڈیف اینڈ ڈمپ سکول نے نمائیاں کارکردگی دکھائی تو سٹاف اور سٹوڈنٹس کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ بعد ازاں معز مہمان خصوصی ذیشان شبیر رانا اور زوار حسین کھارا ایڈووکیٹ نے بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹوڈنٹس میں انعامات تقسیم کئے۔











