پشاور؛ تھیلیسیمیا کیخلاف آگاہی کا قومی دن، الخدمت ہسپتال نشترآباد میں تقریب منعقد

16

پشاور،8نومبر(اے پی پی): تھیلیسیمیا کے مورثی اور موذی مرض کے خلاف آگاہی کے قومی دن کی مناسبت سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لٸے الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاور میں صوباٸی صدر خالدوقاص کی زیر صدارت ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی آر ایم آئی پشاور کی پروفیسر ڈاکٹر شاہ تاج اور الخدمت فاونڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرشاہ تاج ، ڈاکٹر نوید شریف، میاں عتیق ، پروفیسر صبیح احمد اور دیگر ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد بچے اس مہلک بیماری میں مبتلا ہیں اور ہرسال اوسطاً پانچ ہزار سے زاٸد بچے تھیلیسیمیا کا شکار ہو رہے ہیں،  یہ ایک مورثی مرض ہے جو بنیادی طور پر والدین سے بچوں میں منتقل ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق اس بیماری میں مبتلا مریضوں کی خون میں ہیموگلوبین نہیں ھوتی جس کی وجہ سے جسم میں تازہ خون بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور مریض کو زندہ رہنے کے لئے عطیہ خون کی ضرورت پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرض میں بھوک نہ لگنا، رنگ زرد پڑنا، تیز بخار اور الٹیاں آنا بڑی علامات ہیں ان علامات میں مبتلا بچے کا پیدائش کے تین ماہ بعد خون تبدیل کیا جاتا ہے۔

 مقررین نے کہا کہ اس مرض کی وجوہات میں سب سے بڑی وجہ کزن میرج ہے، حکومت نے شادی سے قبل مرد و خاتون کے لئے خون سکرینگ لازمی قرار دی ہے جس سے اندازہ ہوجاتا ھے کہ شادی سے قبل میاں بیوی کے خون میں اس بیماری کے اثرات موجود ہیں یا نہیں ، تھیلیسیمیا کا واحد علاج بون میرو ٹرانسپلانٹ ہے جو کہ ایک انتہائی مہنگا اور تکلیف دہ علاج ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوٸے الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صوباٸی صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن تھیلیسیمیا میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے  بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت کے لٸے سنجیدگی سے  کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن اس وقت صوبہ بھر میں اس موذی مرض میں مبتلا 550سے زائد رجسٹرڈ بچوں کو ہرماہ خون کی فراہمی یقینی بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت ہسپتال نشتر آباد پشاور اور الخدمت ہسپتال چارسدہ میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے خصوصی وارڈز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر رجسٹرڈ بچوں کو خون کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے یہ ایک مہنگا اور تکلیف علاج ہے جو کہ غریب گھرانوں کی استطاعت سے باہر ہے۔

الخدمت فاونڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ تھیلیسیمیا  کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عوام عطیہ خون کے کلچر کو عام کریں، دیگر فلاحی ادارے بھی تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج میں الخدمت کی تقلید کریں اور حکومت بھی اس مرض کے روک تھام میں اپنی کوششوں کو تیز تر کرتے ہوئے پہلے سے موجود قوانین کو عملی بنانے کے علاوہ مزید قانون سازی پر توجہ دے۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے الخدمت ہسپتال نشترآباد کے ساتھ رجسٹرڈ تھیلی سیمیاء میں مبتلا بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔تقریب میں ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر میڈم شازیہ، تھیلیسیمیا ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر میاں عتیق، معروف کالم نگار پروفیسر صبیح احمد، تاجر رہنماوں رحمن گل اور اکبرسیٹھی سمیت الخدمت ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اقتدار احمد اور ڈاکٹر نوید شریف کے علاوہ معززین شہر اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔