ملتان؛جنوبی پنجاب میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے ساﺅتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس کا انعقاد

11

ملتان ،14 نومبر( اے پی پی ): جنوبی پنجاب میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے ساﺅتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر اور ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب مقصودالحسن کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر انجینئر عامر خٹک،سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)رانا رضوان قدیر، سی پی او رانا منصور الحق، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ جنوبی پنجاب احسان الحق اور سکیورٹی اداروں کے ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی جبکہ وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اووز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے موثر انداز میں جنگ لڑ رہی ہے جبکہ تمام سکیورٹی ادارے دہشت گرد عناصر سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہیں اور اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام خوف پیدا کرنے کے لئے پھیلائی جانیوالی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران باقاعدگی کے ساتھ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں کیونکہ انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے مابین بہترین رابطہ کار امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب مقصود الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس دہشت گرد عناصر کو کچلنے کی بھر پور صلاحیت رکھی تھی اور اطلاعات کی ٹریکنگ اور ٹریسنگ کے حوالے سے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی انتہائی مثالی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ پر کام کرنیوالے غیر ملکی انجینئرز اور سیاحوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے اور اہم تنصیبات اور دفاتر کی سیکیورٹی میں کوئی غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور شہروں میں موبائل سیکیورٹی اسکواڈز میں اضافہ کیا جائے۔