ملتان ،14 نومبر( اے پی پی ): ذیابیطس کے عالمی کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں گزشتہ روز آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد اس مرض کی وجوہات، علامات، پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور اس سے بچاو کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا ۔ شعبہ اینڈوکرائنالوجی اینڈ ذیابیطس نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ واک کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔
واک میں پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین ، پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج، پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید، انچارج شعبہ اینڈو کرائنالوجی، ڈاکٹر عارف محمود بھٹی، ڈاکٹر علی مہدی، ڈاکٹر صلاح الدین رند، ڈاکٹر محبوب قادر اور شعبہ اینڈو کرائنالوجی کے دیگر سینئر فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی واک کا اختتام نشتر ٹاور پر جا کر ہوا، واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اس مرض کی علامات، بچاواور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔
ذیابیطس کے ماہرین کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کی کئی علامات ہیں جن میں پیشاب کا بار بار آنا، وزن کا گھٹنا، بار بار بھوک لگنا، پاوں میں جلن اور سن ہونا شامل ہیں اور ذیابیطس دل، خون کی نالیوں، گردوں،آنکھوں، اعصاب اور دیگر اعضا کو متاثر کر سکتا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ذیابیطس سے بچنے کے لیے انٹرنیشنل ڈایابیٹز فیڈریشن کی ہدایات، کم کھائیں اور زیادہ چلیں، پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس موذی مرض کی اہم وجہ غیر متحرک طرز زندگی اور غیر صحت مند غذائی عادات ہیں اور میڈیکل سائنس کی ترقی کے سبب ذیابیطس جیسے موذی مرض پر قابو پا کر ایک خوشگوار زندگی گزار سکتا ہے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے واک کے انعقاد پر انچارج شعبہ اینڈو کرائنالوجی اور ڈاکٹر صلاح الدین رند سمیت دیگر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔











