ملتان؛ضلع کونسل کی حدود میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،ڈی سی

36

 

ملتان ،14 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کی حدود میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس سلسلے میں ضلع کونسل کی حدود میں انڈسٹریل و رہائشی زونز زونز کے ازسرنو سروے کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ڈویلپمنٹ زونز تشکیل دیے جاسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کی پلاننگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

چیف افسر ضلع کونسل محمد حسین بنگش نے پلاننگ رولز پر بریفنگ دی ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت 6 سائٹ ڈویلپمنٹ زونز بنانے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں جبکہ ماسٹر پلان میں تجویز گرین ایریاز کے لینڈ یوز بارے تجاویز حکومت پنجاب کو بھیجیں گے۔

رضوان قدیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کو لینڈ یوز رولز میں ضروری ترامیم کیلئے سفارشات پیش کرینگے۔ بڑھتی آبادی کے پیش نظر نئے کمرشل و رہائشی علاقے مختص کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایم ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کو بھی ٹاون پلاننگ بہتر کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔