ملتان، 08 نومبر (اے پی پی): پی ایچ اے ملتان نے اینٹی سموگ مہم کے تحت بھر پور شجر کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ شجاع آباد، گرین بیلٹ اور متی تل روڈ پر بھر پور شجر کاری جاری ہے، دیگر گرین بیلٹس اور اہم مقامات پر بھر پور شجر کاری کی جائے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مقامی درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں، پی ایچ اے ملتان نے دو درجن سے زائد جامن کے درختوں کی شجر کاری کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کمشنر ملتان عامر خٹک کے ہمراہ شجر کاری کے موقع پر کیا۔ ڈی جی پی ایچ اے ملتان نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لئے بھر پور شجرکاری کی ضرورت ہے، ہر طبقہ ہائے فکر کے افراد کو اس میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا بچوں سمیت ہر عمر کے افراد کو اپنے حصے کا پودا لگانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، گرین بیلٹس پر کوڑا کرکٹ پھینکنے اور جلانے سے گریز کیا جائے،مقامی درختوں کے ساتھ ساتھ دیگر سایہ دار درخت بھی لگائے جارہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لئے بھر پور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر کمشنر ملتان نے بھی پودا لگایا اور ملکی سلامتی کے لیے دعا مانگی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر راناافسر خلیل اور نجی فلاحی ادارے کے نمائندگان بھی موجود تھے۔











