نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پیر کوہ واٹر سپلائی اسکیم کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے  دی

12

کوئٹہ، 22 نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پیر کوہ واٹر سپلائی اسکیم کے لیے منظور شدہ درکار  فنڈز کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کو رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت  کی ہے۔ انہوں  نے کہا  کہ آب نوشی صحت اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات زندگی کے اجتماعی منصوبوں میں تاخیر قابل برداشت نہیں ۔

بدھ کو یہاں  پیر کوہ واٹر سپلائی اسکیم سے متعلق محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی  تعمیراتی منصوبے میں عدم اطمینان یا کسی شکایت کی تحقیقات کے دوران کام  روک دینے سے منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لئے تحقیقات کے دوران کام کو جاری رکھا جائے تاہم ہر مرحلے پر شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبداالصبور کاکڑ ، چیف انجینئر پی ایچ ای آغا عمران شاہ سیکرٹری پی ایچ ای عبدالولی نے بتایا کہ پیر کوہ واٹر سپلائی اسکیم او جی ڈی سی ایل کے اشتراک سے تشکیل دی گئی تھی تاہم بعد میں کمپنی اس سے دستبردار ہوگئی اور یہ منصوبہ مکمل طور پر حکومت بلوچستان نے اپنے ذمہ لے لیا جس کے بعد اس منصوبے کا ٹینڈرنگ پراسس 2018 میں ہوا ڈیرہ بگٹی سے پیر کوہ اٹھارہ کلو میٹر پر مبنی پائپ لائن کی بچھائی کا یہ منصوبہ 451 ملین روپے کا ہے جو روزآنہ دو لاکھ سے زائد گیلن صاف پانی فراہم کرنے کی استعداد کار رکھتا ہے ۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا یہ منصوبہ ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے منظور شدہ فنڈز کے اجراء میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

 اجلاس میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ کے حکام نے یقین دلایا کہ رواں سال دسمبر تک یہ منصوبہ مکمل کرکے یکم جنوری کو اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔